
لاہور، 16 ستمبر 2026 (غفران): پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے فیصلہ کیا ہے کہ قومی ہاکی ٹیم آئندہ مینز ایشین چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کے لیے بھارت نہیں جائے گی، ٹورنامنٹ 27 اکتوبر سے 5 نومبر تک کھیلا جائے گا، لیگ مرحلے کے میچز جالندھر جبکہ سیمی فائنلز اور فائنل موہالی میں ہوں گے، پی ایچ ایف کے صدر محی الدین احمد وانی نے فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ پاکستان اور بھارت کے باہمی تعلقات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے، یہ اعلان بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ بھگونت مان کے اس بیان کے ایک روز بعد سامنے آیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ پاکستانی ہاکی ٹیم ٹورنامنٹ میں شرکت کرے گی اور اپنی حکومت کی مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی تھی، ہاکی انڈیا کے سیکریٹری جنرل بھولا ناتھ سنگھ نے بھی دونوں ممالک کی ہاکی فیڈریشنز کے درمیان اچھے تعلقات کا ذکر کیا تھا، کسی بھی ٹیم کے دستبردار ہونے کی صورت میں عمان اور بنگلہ دیش کو متبادل ٹیموں کے طور پر نامزد کیا گیا ہے، بھارت دفاعی چیمپئن کی حیثیت سے ٹورنامنٹ میں شرکت کرے گا، جس نے 2023 میں چنئی میں ہونے والا ایڈیشن جیتا اور 2024 میں چین کے شہر ہولون بئیر میں ٹائٹل کا کامیابی سے دفاع کیا تھا، بھارت کی موجودہ کھیلوں کی پالیسی کے تحت پاکستان کے ساتھ دو طرفہ کھیلوں کے مقابلوں کی اجازت نہیں، تاہم بھارتی وزارت کھیل کا مؤقف ہے کہ دونوں ممالک اولمپک چارٹر کے مطابق کثیر ملکی مقابلوں میں ایک دوسرے کے خلاف کھیل سکتے ہیں۔