Thursday, October 1

پاکستان نے بھارت کو 3-0 سے شکست دے کر ایشین گیمز والی بال کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی

Pakistan Beat India 3-0 to Reach Asian Games Volleyball Semi-Finals

اوکازاکی، یکم اکتوبر 2026 (نوشین): پاکستان نے ایشین گیمز 2026 کے مینز والی بال کوارٹر فائنل میں بھارت کو 3-0 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔ اوکازاکی چوئو سوگو پارک جمنازیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے شاندار آغاز کرتے ہوئے پہلا سیٹ 23 منٹ میں 25-19 سے جیت لیا۔ بھارت نے دوسرے سیٹ میں بھرپور مزاحمت کی، تاہم پاکستان نے 34 منٹ کی سخت مقابلے کے بعد یہ سیٹ 25-23 سے اپنے نام کرلیا۔ پاکستان نے تیسرے سیٹ میں بھی برتری برقرار رکھتے ہوئے 25-18 سے کامیابی حاصل کی اور 3-0 سے میچ جیت لیا۔ پاکستان کی جانب سے مرید خان نے سب سے زیادہ 19 پوائنٹس اسکور کیے، جن میں 18 کامیاب اسپائیکس شامل تھیں، جبکہ علی عثمان فریاد نے 13 اور محمد حماد نے 9 پوائنٹس حاصل کیے۔ پاکستان نے اٹیک پوائنٹس میں بھی بھارت پر برتری حاصل کی اور 75 پوائنٹس کے مقابلے میں بھارت کے 60 پوائنٹس رہے، جبکہ بلاکس میں پاکستان کو 5-4 کی برتری حاصل رہی۔ پاکستان نے ایشین گیمز میں اس سے قبل قازقستان کو 3-1 اور ازبکستان کو 3-0 سے شکست دی تھی، جبکہ پول مرحلے کے آخری میچ میں میزبان جاپان کے ہاتھوں 3-0 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ دوسری جانب پاکستان نے مینز ٹیم اسکواش کے مقابلے کے فائنل میں بھی جگہ بنا لی، جہاں اس نے ناگویا کینجو فُتو ایرینا میں ہانگ کانگ، چین کو 2-1 سے شکست دے کر کم از کم چاندی کا تمغہ یقینی بنا لیا۔ پاکستان نے اس سے قبل اسکواش کے کوارٹر فائنل میں جنوبی کوریا کو 2-0 سے شکست دی تھی۔