اسلام آباد، 7 اکتوبر 2025ء(کامران راجہ)پاکستان – سعودی عرب پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کا اجلاس آج پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی اور گروپ کے کنوینر سردار محمد یوسف زمان نے کی۔
سعودی وفد کی قیادت انجینئر خالد عبداللہ البریک نے کی۔ ان کے ہمراہ شوریٰ کونسل کے اراکین احمد عبدالرحمن، ڈاکٹر ابتسام عبداللہ الجبیر اور دیگر سینئر حکام شامل تھے۔ قومی اسمبلی کے اراکین مجاہد علی، سید حفیظ الدین، زیب جعفر، سحر کامران، شگفتہ جمانی اور محمد عثمان بادینی نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔
سردار محمد یوسف زمان نے سعودی وفد کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات ایمان، اخوت اور باہمی اعتماد پر مبنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان حال ہی میں طے پانے والا دفاعی معاہدہ دوطرفہ تعلقات میں ایک اہم سنگِ میل ہے۔
انہوں نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی قیادت میں سعودی عرب کی ترقی اور ویژن 2030 کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ وژن جدیدیت، ترقی اور اصلاحات کا مثالی نمونہ ہے۔
سعودی وفد کے سربراہ انجینئر خالد عبداللہ البریک نے پاکستان کی مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ اجلاس دونوں ممالک کے پارلیمانی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کا ایک اہم موقع ہے۔ انہوں نے دفاع، تجارت، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی، قابلِ تجدید توانائی اور پارلیمانی تبادلوں کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ پارلیمانی فرینڈشپ گروپ عوامی روابط، پارلیمانی تبادلوں اور ادارہ جاتی تعاون کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
اراکین نے توقع ظاہر کی کہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا آئندہ دورۂ پاکستان دونوں ممالک کے تعلقات میں نئی توانائی اور وسعت لائے گا۔
اجلاس کا اختتام اس عزم کے ساتھ ہوا کہ پاکستان اور سعودی عرب اپنے برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط اور عملی تعاون میں تبدیل کرنے کے لیے مل کر کام کرتے رہیں گے۔