
نیویارک، 22 ستمبر، 2026 (غفران): پاکستان اور سعودی عرب نے سفارتی، سرکاری یا خصوصی پاسپورٹ رکھنے والے شہریوں کے لیے ویزا کی شرط ختم کرنے پر اتفاق کیا ہے، جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطحی روابط اور ادارہ جاتی تبادلوں کو مزید سہولت فراہم کرنا ہے۔ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے 2026 کے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر نیویارک میں معاہدے پر دستخط کیے۔ معاہدے کے تحت سفارتی اور سرکاری پاسپورٹ رکھنے والے پاکستانی شہری بغیر ویزا حاصل کیے سعودی عرب کا سفر کر سکیں گے۔ اسحاق ڈار نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں معاہدے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اعلیٰ سطحی روابط اور ادارہ جاتی تبادلوں کو فروغ دینے کی جانب اہم قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاہدے سے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں دونوں ممالک کے دیرینہ اور برادرانہ اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید آگے بڑھانے میں بھی مدد ملے گی۔