Tuesday, August 4

پاکستان اور اسپین کا دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ

اسلام آباد، 4 اگست 2026 (غفران): وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے اسلام آباد میں پاکستان میں اسپین کے سفیر کارلوس آراگون سے ملاقات کی، جس میں اعلیٰ تعلیم، زراعت، کھیلوں اور انسانی ترقی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزیر نے اسپین کے سفیر کا خیرمقدم کرتے ہوئے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں اسپین کے ساتھ تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی، اقتصادی اور ثقافتی روابط کو مزید مستحکم کرنے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

پروفیسر احسن اقبال نے پاکستان کے بین الاقوامی جامعات کے ساتھ بڑھتے ہوئے تعلیمی روابط کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ یونیورسٹی آف نارووال اور یونیورسٹی آف گراناڈا کے درمیان تعاون کے قیام کے لیے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) کا مسودہ پہلے ہی اسپین کے ساتھ شیئر کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس شراکت داری سے مشترکہ تحقیق، اساتذہ اور طلبہ کے تبادلے اور تعلیمی تعاون کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹی آف نارووال کا طرزِ تعمیر اندلس اور گراناڈا سے متاثر ہے، جو دونوں ممالک کے مشترکہ ثقافتی ورثے کی عکاسی کرتا ہے۔ وفاقی وزیر نے اسپین کے سفیر کو گردوارہ دربار صاحب کرتارپور کے دورے کی دعوت بھی دی اور اسے سکھ برادری کے مقدس ترین مذہبی مقامات میں سے ایک قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کے بین المذاہب ہم آہنگی اور مذہبی سیاحت کے فروغ کے عزم کی علامت ہے۔

پاکستان کی زرعی صلاحیتوں پر روشنی ڈالتے ہوئے پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان اعلیٰ معیار کے زیتون پیدا کرنے والے ممالک میں ابھر رہا ہے۔ انہوں نے اسپین کو زیتون کی کاشت، زرعی کاروبار، ویلیو ایڈیشن اور زرعی ٹیکنالوجی خصوصاً بلوچستان، خیبرپختونخوا کے ضم شدہ اضلاع اور خطہ پوٹھوہار میں تعاون کی دعوت دی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مقامی سطح پر زیتون کی پیداوار میں اضافہ کرکے درآمدی پام آئل پر انحصار کم کیا جا سکتا ہے۔ اسپین میں ابتدائی بچپن کی نشوونما سے متعلق بین الاقوامی کانفرنس میں اپنی شرکت کا ذکر کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اسپین اور یونیسیف کے اشتراک سے آئندہ کانفرنس کی میزبانی کا خواہاں ہے۔ انہوں نے اس موقع پر ملکۂ اسپین کو بھی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔ ملاقات کے اختتام پر دونوں فریقوں نے تعلیم، زراعت، پائیدار ترقی اور عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں میں پاکستان اور اسپین کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا