
کراچی، 05 مئی 26(کامران راجہ): پاک بحریہ نے بین الاقوامی بحری ذمہ داریوں اور سمندر میں ہنگامی امداد کے لئے ہمہ وقت تیاری کا مظاہرہ کرتے ہوئے، بحیرہ عرب میں تجارتی بحری جہاز ایم وی گوتم کی جانب سے موصول ہونے والی ایمرجنسی کال پر فوری کارروائی کی۔ جہاز پر چھ بھارتی اور ایک انڈونیشیائی سمیت کل سات عملے کے ارکان سوار تھے۔ جہاز عمان سے بھارت جاتے ہوئے تکنیکی خرابی کے باعث سمندر میں پھنس گیا تھا۔
ہنگامی صورتحال کے پیشِ نظر میری ٹائم ریسکیو اینڈ کوآرڈینیشن سینٹر ممبئی نے پاکستانی حکام سے ہنگامی امداد کے لیے رابطہ کیا۔ اطلاع موصول ہوتے ہی پاک بحریہ نے پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے تعاون سے فوری اور مربوط آپریشن کا آغاز کیا۔ مناسب حکمت عملی اپناتے ہوئے پاک بحریہ نے پی ایم ایس اے کے جہاز کشمیر کی فوری تعیناتی کو یقینی بنایا۔
پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے جہاز کشمیر نے متاثرہ جہاز کو بروقت امداد فراہم کرتے ہوئے عملے کے لیے خوراک اور دیگر ضروری سامان کی فراہمی کے علاوہ جہاز کے سسٹمز کو بحال کرنے میں تکنیکی معاونت بھی فراہم کی۔
پاک بحریہ کا یہ فوری اور مؤثر آپریشن سمندر میں انسانی جانوں کے تحفظ اور قومیت سے بالاتر ہو کر انسانی ہمدردی اور بین الاقوامی ذمہ داریوں کو نبھانے کے پختہ عزم کا عکاس ہے۔ یہ آپریشن پاک بحریہ کے ایک ذمہ دار اور باصلاحیت بحری قوت ہونے کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ پاک بحریہ اپنی ذمہ داری کے دائرہ کار میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔