
مدینہ منورہ، 8 اگست 2026 (کامران راجہ): وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے سعودی عرب کا دورہ مکمل کر لیا اور مدینہ منورہ سے پاکستان روانہ ہو گئے۔مدینہ منورہ کے ایئرپورٹ پر گورنر مدینہ شہزادہ سلمان بن سلطان بن عبدالعزیز آل سعود نے وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف اور ان کے ہمراہ پاکستانی وفد کو الوداع کیا۔دورے کے دوران وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف، سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور صدرِ ترکیہ رجب طیب اردوان نے تاریخی مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کیے۔ اس معاہدے سے تینوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون اور برادرانہ تعلقات میں ایک نئے باب کا آغاز ہوگا۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے دورۂ سعودی عرب کے دوران عمرہ کی سعادت بھی حاصل کی اور مدینہ منورہ میں مسجدِ نبوی ﷺ میں روضۂ رسول ﷺ پر حاضری دی۔نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف، وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی سید طارق فاطمی بھی دورۂ سعودی عرب کے دوران وزیرِ اعظم کے ہمراہ تھے۔