مورخہ 16-05-2025.لاہور(کامران راجہ): وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف اور وفاقی وزیر برائے ریلوے جناب محمد حنیف عباسی کے درمیان ایک مؤثر اور نتیجہ خیز ملاقات ہوئی جس میں موجودہ سیاسی صورتحال، قومی سلامتی، ترقیاتی منصوبوں اور پنجاب میں جدید ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر کے قیام پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں خاص طور پر پنجاب میں پہلی بار بلٹ ٹرین اور ہائی سپیڈ ٹرینز کے منصوبوں پر توجہ مرکوز کی گئی۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ یہ منصوبے نہ صرف پنجاب بلکہ پورے ملک کی معاشی ترقی اور ٹرانسپورٹ کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔ بلٹ ٹرین کے ذریعے عوام کو تیز، محفوظ اور سہولت بخش سفر فراہم کیا جائے گا، جس سے کاروباری سرگرمیوں اور روزگار کے مواقع بھی بڑھے گے۔
وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی سرپرستی میں سی ایم لیپ ٹاپ اسکیم اور ہونہار سکالرشپ فیز ٹو کی کامیابیوں کو سراہا، جو پنجاب میں تعلیم کے فروغ اور نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے آپریشن “بنیان مرصوص” کو قومی سلامتی کی حفاظت میں ایک تاریخی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ آپریشن سیاسی اور عسکری قیادت کے ساتھ قوم کے مکمل اتحاد کا مظہر ہے۔ انہوں نے پاک فوج کے شہید اور جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا کہ جنہوں نے اپنی جانوں کے نذرانے دے کر ملک کی حفاظت کو یقینی بنایا۔
مزید برآں، مریم نواز شریف نے کہا کہ آج کا پاکستان مضبوط قیادت کے زیرِ سایہ ہے جہاں قومی یکجہتی، سیاسی استحکام اور ترقیاتی تسلسل کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے۔ ملک کو درپیش چیلنجز کا مؤثر حل انہی عناصر میں مضمر ہے جن پر حکومت بھرپور توجہ دے رہی ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ اب وقت آ چکا ہے کہ پنجاب کے عوام کو جدید، عالمی معیار کی سفری سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ نہ صرف روزمرہ کی آمدورفت میں آسانی ہو بلکہ یہ ترقی کے نئے دروازے بھی کھولیں۔ بلٹ ٹرین اور جدید ریلوے نیٹ ورک نہ صرف مسافروں کے لیے سہولت کا باعث بنیں گے بلکہ ملکی معیشت کو بھی مضبوط کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔
ملاقات کے آخر میں دونوں رہنماؤں نے مل کر ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے بھرپور تعاون کا عزم ظاہر کیا۔