Saturday, August 1

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ضلع نوشکی میں فتنۃ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین

لاہور، یکم اگست، 2026 (کامران راجا): وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع نوشکی میں فتنۃ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ وزیراعظم نے کامیاب کارروائی کے دوران سات دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور جرات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ملک میں دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں ایک اور اہم کامیابی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عزمِ استحکام کے ویژن کے تحت پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گرد عناصر کے خلاف نمایاں کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں اور ملک میں امن و استحکام کے قیام کے لیے بھرپور عزم کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہی ہیں۔ وزیراعظم نے حکومت کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان سے ہر قسم کی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پوری قوم اپنی سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے اور ملک میں پائیدار امن، سلامتی اور خوشحالی کے قیام کے لیے ان کی قربانیوں اور خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔