Monday, November 2

وارئیرز کی ناقابلِ شکست کارکردگی برقرار، چیمپئنز کو 24 رنز سے شکست

Warriors extend unbeaten run with 24-run victory over Champions

فیصل آباد، 02 نومبر 2026 (غفران): منیبہ علی کی قیادت میں وارئیرز نے پی سی بی ویمنز سپر تھری ٹی 20 ٹورنامنٹ میں اپنی مسلسل تیسری کامیابی حاصل کرتے ہوئے پانچویں میچ میں طوبیٰ حسن کی ٹیم چیمپئنز کو 24 رنز سے شکست دے دی۔ اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلے گئے میچ میں 155 رنز کے ہدف کے تعاقب میں چیمپئنز کی ٹیم 19.2 اوورز میں 130 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ بائیں ہاتھ کی اسپنر عائشہ بلال نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 15 رنز کے عوض چار وکٹیں حاصل کیں اور انہیں میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ زوناش عبد الستار نے دو جبکہ رمین شمیم نے ایک وکٹ حاصل کی، فاسٹ بولر ڈیانا بیگ نے بھی دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ چیمپئنز کی جانب سے نٹالیہ پرویز نے 31 اور شوال ذوالفقار نے 22 رنز بنائے، تاہم وہ ٹیم کو فتح دلانے میں ناکام رہیں۔ اس سے قبل ٹاس جیت کر چیمپئنز نے وارئیرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، جس پر وارئیرز نے مقررہ 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 154 رنز بنائے۔ حفصہ خالد نے 36 گیندوں پر 47 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی، جبکہ رمین شمیم نے 29 اور صدف شمس نے 22 رنز بنائے۔ وارئیرز کی ٹیم 66 رنز پر چار وکٹیں گنوا چکی تھی، تاہم حفصہ خالد اور رمین شمیم نے پانچویں وکٹ کے لیے 65 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کو سنبھالا دیا۔ ڈیانا بیگ نے آخری لمحات میں 14 گیندوں پر 19 رنز بنا کر مجموعے کو بہتر بنایا۔ چیمپئنز کی جانب سے طیبہ عماد نے دو جبکہ طوبیٰ حسن، مومنہ ریاضت، فاطمہ خان اور عائشہ رحمان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ مسلسل تین فتوحات کے بعد وارئیرز منگل کو اپنا چوتھا میچ انکریڈیبلز کے خلاف کھیلیں گی، جو اپنے ابتدائی تینوں میچ ہارنے کے بعد فائنل کی دوڑ سے باہر ہو چکی ہیں، جبکہ چار میچوں میں دو کامیابیوں کے ساتھ چیمپئنز نے فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔