
اسلام آباد، 18 اکتوبر 2026 (غفران): پاکستان کے قومی کھیل ہاکی کی بحالی کی کوششوں میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، جہاں نیشنل بینک آف پاکستان نے اپنی ڈیپارٹمنٹل ہاکی ٹیم دوبارہ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس اقدام کو ملک میں ہاکی کے لیے ادارہ جاتی سرپرستی کی بحالی کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔ اس فیصلے کا ہاکی برادری نے خیرمقدم کیا ہے، بالخصوص ان باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں کے لیے یہ خبر خوش آئند ہے جو روزگار کے مستقل مواقع اور اعلیٰ سطح پر اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم کے منتظر تھے۔ کھلاڑیوں کی بھرتی کا عمل فوری طور پر شروع کیا جا رہا ہے، جبکہ نیشنل بینک کی ہاکی ٹیم آئندہ نیشنل گیمز میں بھی حصہ لے گی۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے اس اقدام کا بھرپور خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ایک بڑے قومی ادارے کی ڈیپارٹمنٹل ہاکی میں واپسی سے ملکی ہاکی کے ڈھانچے کو استحکام ملے گا اور کھلاڑیوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے اس فیصلے کو پاکستان ہاکی کے مستقبل کے لیے ایک مثبت اور بروقت قدم قرار دیا۔ انہوں نے کھیل کے فروغ اور کھلاڑیوں کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے پر نیشنل بینک آف پاکستان کی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ڈیپارٹمنٹل ہاکی کی بحالی کھلاڑیوں کے مالی تحفظ، قومی سطح پر مسابقت کو مضبوط بنانے اور مستقبل کے قومی کھلاڑیوں کی تیاری کے لیے نہایت ضروری ہے۔