
نیویارک، 25 ستمبر 2026 (کامران راجہ): نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود سے ملاقات کی۔ ملاقات میں مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر عملدرآمد، علاقائی اور عالمی سلامتی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے معاہدے کے تحت ادارہ جاتی ڈھانچے کے قیام، جس میں جنرل سیکریٹریٹ، کمیٹیاں اور ورکنگ گروپس شامل ہیں، پر پیش رفت کا جائزہ لیا اور اس کے عملی آغاز کی تیاریوں پر بھی گفتگو کی۔ دونوں وزرائے خارجہ نے مکہ مکرمہ اور سعودی عرب میں شہری و اقتصادی تنصیبات کو نشانہ بنانے والے حملوں کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے سعودی مسلح افواج کی چوکسی اور مملکت کی سلامتی کے تحفظ کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت سعودی عرب کے اپنی سلامتی کے دفاع کے لیے مناسب اقدامات کرنے کے حق کی توثیق کی۔