Thursday, August 13

مضبوط پارلیمان اور آئین کی بالادستی پاکستان کی ترقی کے لیے ناگزیر ہے: چیئرمین سینیٹ

اسلام آباد، 10 اگست 2026 (غفران): چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ مضبوط پارلیمان اور آئین کی بالادستی پاکستان کی ترقی، استحکام اور خوشحالی کے لیے ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 10 اگست 1947 کو دستور ساز اسمبلی کا پہلا اجلاس پاکستان کے پارلیمانی سفر کا آغاز تھا، جو بانیانِ پاکستان کی جمہوری امنگوں کا تاریخی اظہار بھی تھا۔انہوں نے کہا کہ جمہوریت، آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی قومی استحکام کی بنیاد ہیں، جبکہ پارلیمان عوام کی امنگوں کی حقیقی ترجمان اور قانون سازی کا اہم ترین فورم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سینیٹ وفاقی اکائیوں کو مساوی نمائندگی فراہم کرکے قومی یکجہتی کو مضبوط بناتا ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے سیاسی قوتوں پر زور دیا کہ وہ مکالمے، برداشت اور اتفاقِ رائے کی پارلیمانی روایات کو فروغ دیں۔ انہوں نے کہا کہ مضبوط پارلیمان مضبوط وفاق اور مستحکم، خوشحال پاکستان کی بنیاد ہے۔ انہوں نے نوجوان نسل کو پاکستان کے جمہوری اور آئینی سفر سے روشناس کرانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے پارلیمان کو مزید مؤثر، قابلِ رسائی اور عوام دوست بنایا جا سکتا ہے، جس سے عوامی خدمت اور پارلیمانی ادارے کے کردار کو مزید مضبوط کیا جا سکتا ہے۔