لاہور، 14 ستمبر 2026 (غفران): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عوام کے لیے وزیراعظم شہباز شریف کے پٹرول ریلیف پیکیج کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے مشکل معاشی حالات میں ایک اہم اقدام قرار دیا ہے۔ اپنے بیان میں مریم نواز نے سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف کا بھی عوام کی مشکلات کا احساس کرنے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے مسلم لیگ (ن) کی قیادت کی کوششیں قابلِ تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتیں ترقی پذیر ممالک کے عوام کے لیے مشکلات پیدا کر رہی ہیں، جبکہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے معاشرے کے تمام طبقات متاثر ہو رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے نواز شریف کی ہدایت پر پٹرول ریلیف پیکیج متعارف کرایا، جو مشکل معاشی حالات میں عوام کو سہارا دینے کے لیے ایک مثبت اقدام ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ایک روز قبل خصوصی پٹرول ریلیف اسکیم کا اعلان کیا تھا، جس کے تحت موٹر سائیکلوں، رکشوں، چنگ چی رکشوں اور 800 سی سی تک انجن رکھنے والی گاڑیوں کے صارفین کو پٹرول پر 100 روپے فی لیٹر ریلیف فراہم کیا جائے گا۔
