لاہور، 30 اگست 2026 (نوشین): عالمی شہرت یافتہ پاکستانی گلوکار عاطف اسلم کی چلتی گاڑی میں اپنے مداحوں کے ساتھ گانا گانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جسے مداحوں کی جانب سے بھرپور پذیرائی مل رہی ہے۔ وائرل ویڈیو میں عاطف اسلم کو اپنی ٹیم کے ہمراہ ایک سیاہ رنگ کی گاڑی میں سفر کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ اسی دوران ایک دوسری گاڑی گلوکار کی گاڑی کے قریب آتی ہے، جس میں موجود مداح ویڈیو بناتے ہوئے عاطف اسلم کا مقبول گانا ’’دوری‘‘ جوش و خروش سے گانا شروع کر دیتے ہیں۔ مداحوں کی آواز سن کر عاطف اسلم بھی خوشی کا اظہار کرتے ہیں اور گاڑی کی سن روف سے باہر نکل کر مداحوں کے ساتھ گانا گانے لگتے ہیں۔ عاطف اسلم اور ان کے مداحوں کے درمیان یہ بے ساختہ اور خوشگوار لمحہ دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگیا۔ صارفین کی جانب سے گلوکار کے مداحوں کے لیے دوستانہ اور محبت بھرے انداز کو سراہا جا رہا ہے۔ سوشل میڈیا صارفین نے اس خوبصورت اور یادگار لمحے کو عاطف اسلم اور ان کے مداحوں کے درمیان محبت و تعلق کی بہترین مثال قرار دیا ہے۔
