Wednesday, April 1

شیخوپورہ: کرسمس کے موقع پر ایک ہزار مسیحی خاندانوں میں راشن بیگز کی تقسیم

Ration Bags Distributed Among 1,000 Christian Families on Christmas The Pakistan times

شیخوپورہ ,فاروق آباد(غفران): کرسمس کے پرمسرت موقع پر حکومتی اداروں کے ساتھ ساتھ نجی تنظیمیں اور مخیر حضرات بھی مستحق مسیحی برادری کو خوشیوں میں شریک کرنے کے لیے سرگرم عمل ہیں۔ اسی سلسلے میں شیخوپورہ کے علاقہ فاروق آباد میں آل پاکستان پاسٹرز الائنس اور ہیلپنگ ہینڈ منسٹری کے زیرِ اہتمام دو تقریبات کا انعقاد کیا گیا، جن میں ایک ہزار مسیحی خاندانوں میں ایک ماہ کی ضروریات پر مشتمل خشک راشن کے بیگز تقسیم کیے گئے۔

تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے آل پاکستان پاسٹرز الائنس کے چیئرمین ڈاکٹر قیصر شہزاد، مسیحی مذہبی رہنماؤں بشپ امانت مسیح، ناظم اشرف آٹھوال، پاسٹر اختر مسیح اور دیگر مقررین نے کہا کہ پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جہاں اقلیتوں کو اپنائیت اور تحفظ کا حقیقی احساس دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وطنِ عزیز میں تمام اقلیتیں مکمل مذہبی آزادی کے ساتھ اپنی عبادات انجام دیتی ہیں، جبکہ ان کی عبادت گاہوں اور گرجا گھروں کی حفاظت، تعمیر و مرمت اور سیکیورٹی کے لیے بھی خصوصی انتظامات کیے جاتے ہیں۔

اس موقع پر خواتین و حضرات نے کرسمس کیک کاٹے اور ملک کی ترقی، سلامتی، امن و امان اور بین المذاہب ہم آہنگی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ مقررین نے حکومتِ پاکستان، فلاحی اداروں اور مخیر حضرات کے کردار کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایسے اقدامات معاشرے میں بھائی چارے، برداشت اور یکجہتی کو فروغ دیتے ہیں۔

آخر میں منتظمین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مستقبل میں بھی مستحق خاندانوں کی فلاح و بہبود کے لیے اسی جذبے کے تحت خدمات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔