Thursday, November 19

شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائی، دھماکہ خیز مواد تیار کرنے والی اہم تنصیب تباہ

Security Forces Destroy Major Explosives Manufacturing Facility in North Waziristan Operation

شمالی وزیرستان، 19 نومبر 2026 (کامران راجہ): سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں جاری سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن کے دوران دھماکہ خیز مواد تیار کرنے والی بڑی تنصیب تباہ کر دی ہے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران اہلکاروں نے فتنۃ الخوارج کے دہشت گردوں کی جانب سے رہائشی مکانات میں قائم کی گئی دھماکہ خیز مواد تیار کرنے کی بڑی لیبارٹری کا سراغ لگایا۔ کارروائی کے دوران بڑی تعداد میں دیسی ساختہ دھماکہ خیز آلات (آئی ای ڈیز)، کواڈ کاپٹرز اور بم بنانے سے متعلق لٹریچر برآمد کیا گیا۔ سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ گنجان آباد رہائشی علاقوں میں دھماکہ خیز مواد کی لیبارٹریاں قائم کرنا دہشت گردوں کی دانستہ حکمت عملی ہے، جس سے بے گناہ شہریوں کی جانوں کو شدید خطرات لاحق ہوتے ہیں۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ میر علی سے کواڈ کاپٹرز اور دھماکہ خیز مواد کی تیاری سے متعلق لٹریچر کی برآمدگی دہشت گرد نیٹ ورک کے سرحد پار روابط کی بھی نشاندہی کرتی ہے۔ میر علی میں جاری آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانے پہلے ہی تباہ کیے جا چکے ہیں۔ سکیورٹی حکام نے خیبر پختونخوا سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام دہشت گرد خطرات کے خاتمے تک کلیئرنس آپریشنز جاری رہیں گے۔