Monday, November 23

سعودی عرب اور شام کے درمیان دفاعی تعاون کا معاہدہ طے پا گیا

Saudi Arabia, Syria Sign Defence Cooperation Agreement During Sharaa’s Riyadh Visit

ریاض، 5 نومبر 2026 (نوشین): سعودی عرب اور شام نے دونوں ممالک کی وزارتِ دفاع کے درمیان دفاعی تعاون کے معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں، سعودی سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق یہ معاہدہ شامی صدر احمد الشرع کے دورۂ ریاض کے دوران طے پایا، جہاں ان کی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات ہوئی، ایک ماہ سے بھی کم عرصے میں دونوں رہنماؤں کی سعودی عرب میں یہ دوسری ملاقات تھی۔ معاہدے پر شہزادہ محمد بن سلمان اور صدر احمد الشرع کی موجودگی میں دستخط کیے گئے، تاہم اس کی تفصیلات اور دائرہ کار سے متعلق کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔ یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب یمن میں ایران کے حمایت یافتہ حوثی گروپ کی جانب سے سعودی عرب پر میزائل اور ڈرون حملوں کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث سعودی عرب دفاعی اور جارحانہ معاونت کے حصول کے لیے امریکہ، یورپ اور مشرق وسطیٰ کے دیگر ممالک سے رابطے کر رہا ہے۔ اطلاعات کے مطابق یمن میں بڑھتے ہوئے تنازع کے دوران شام سعودی عرب کو فوجی معاونت فراہم کرنے کے امکان کا بھی جائزہ لے رہا تھا۔ اس سے قبل ایک شامی سفارت کار نے کہا تھا کہ فوجی تعاون یا مہارت کے تبادلے سے متعلق کسی بھی درخواست پر صرف سرکاری ذرائع اور دونوں برادر ممالک کے تعلقات کو منظم کرنے والے دوطرفہ معاہدوں کے تحت عمل کیا جائے گا۔ صدر احمد الشرع کے دورے کے دوران دونوں ممالک نے بنیادی ڈھانچے اور توانائی سمیت مختلف شعبوں میں بھی کئی معاہدوں پر دستخط کیے۔ سعودی عرب شام کو مالی معاونت فراہم کرتا رہا ہے اور سابق صدر بشار الاسد کی حکومت کے خاتمے کے بعد دمشق کے عالمی طاقتوں کے ساتھ تعلقات کی بحالی میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔ دوسری جانب شامی وزارتِ خزانہ کے مطابق سعودی فنڈ برائے ترقی نے وزارت کے ساتھ چھ معاہدوں پر دستخط کیے ہیں، جن کے تحت شام میں ترقیاتی منصوبوں اور عوامی خدمات کے شعبوں کی معاونت کے لیے 40 کروڑ 30 لاکھ ڈالر سے زائد کے رعایتی ترقیاتی قرضے فراہم کیے جائیں گے۔