Friday, September 11

زیلنسکی کی مزید فوجی مدد کے حصول کے لیے کینیڈا آمد

Zelenskyy Visits Canada to Seek Further Military Support for Ukraine

اوٹاوا، 11 ستمبر 2026 (غفران): یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی نے روسی حملوں کے باعث بڑھتے ہوئے دباؤ کے پیش نظر مزید فوجی اور مالی امداد حاصل کرنے کے لیے کینیڈا کا دورہ کیا۔ کینیڈین وزیرِاعظم مارک کارنی نے اعلان کیا کہ کینیڈا آئندہ دو برسوں کے دوران لاکھوں ڈرونز تیار کرے گا، جن میں سے ایک تہائی یوکرین کے دفاع کے لیے فراہم کیے جائیں گے۔ کارنی کے مطابق نئے معاہدوں کے بعد کینیڈین فوج کے ڈرونز کے بیڑے میں دس گنا اضافہ ہوگا، جو اس وقت تقریباً 2 ہزار ڈرونز پر مشتمل ہے۔ کینیڈا نے یوکرین کے لیے 35 کروڑ کینیڈین ڈالر مالیت کے فضائی دفاعی انٹرسیپٹرز کی فراہمی کا بھی اعلان کیا، جو امریکی طریقہ کار کے تحت یوکرین پہنچائے جائیں گے۔ زیلنسکی نے اس امداد کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں فضائی دفاعی نظام کی قلت ہے۔ کینیڈا یوکرین کو موسم سرما سے قبل قدرتی گیس خریدنے اور انرجی سکیورٹی فنڈ میں معاونت کے لیے 43 کروڑ کینیڈین ڈالر سے زائد کی قرض ضمانتیں بھی فراہم کرے گا۔ زیلنسکی نے کہا کہ ڈرونز کے شعبے میں تعاون سے یوکرین کو اپنے دفاع کو مضبوط بنانے اور اس کی مالی ضروریات پوری کرنے میں مدد ملے گی، جبکہ کینیڈا کو جدید جنگ میں آزمائی گئی ٹیکنالوجی تک رسائی حاصل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ یوکرین سفارت کاری کے ذریعے جنگ ختم کرنا چاہتا ہے، تاہم روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے ساتھ بامعنی مذاکرات سے قبل یوکرین کا مضبوط ہونا ضروری ہے۔ زیلنسکی نے مزید کہا کہ وہ رواں ماہ کے آخر میں نیویارک میں امریکی حکام سے ملاقات کی توقع رکھتے ہیں اور ممکنہ سہ فریقی اجلاس کی تیاریوں کے سلسلے میں دونوں ممالک کے قومی سلامتی کے مشیروں کے درمیان روزانہ رابطہ جاری ہے۔ مارک کارنی نے یوکرین کے لیے کینیڈا کی طویل مدتی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ جنگ کے خاتمے کے بعد بھی کینیڈا یوکرین کی تعمیرِ نو میں مدد کرے گا۔ یہ دورہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب روس اور یوکرین کے درمیان ڈرون جنگ میں شدت آ رہی ہے اور رومانیہ، مالدووا سمیت یوکرین کے دیگر ہمسایہ ممالک بھی متعدد ڈرون دراندازیوں کی اطلاعات دے چکے ہیں۔