
اسلام آباد، 16 ستمبر 2026 (غفران): نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے امریکی ناظم الامور نٹالی اے بیکر سے ملاقات کے دوران مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کی ضرورت پر زور دیا۔ وزارت خارجہ کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور امریکا کے دوطرفہ تعاون اور خطے میں حالیہ پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اسحاق ڈار نے دیرپا امن کے قیام کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیا۔ حالیہ کشیدگی کے باعث آبنائے ہرمز کے ذریعے بحری آمدورفت ایک بار پھر متاثر ہوئی ہے، جو عالمی سطح پر تیل اور مائع قدرتی گیس کی ترسیل کا ایک اہم راستہ ہے۔ پاکستان مسلسل اس مؤقف کا اظہار کرتا رہا ہے کہ تنازع کے پائیدار حل کے لیے سفارت کاری اور مذاکرات ہی مؤثر راستہ ہیں اور فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ جون کے معاہدے کے تحت طے کیے گئے فریم ورک کی طرف واپس آئیں۔