Monday, September 28

بھارت میں تاریخی مسجد کو مسمار ہونے سے بچانے کے لیے سیکڑوں مسلمان مسجد میں بیٹھ گئے

Thousands of Muslims Gather Inside Historic Mosque to Prevent Demolition in India

اجین، 28 ستمبر 2026 (نوشین): بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے شہر اجین میں سیکڑوں مسلمان 600 سالہ تاریخی شاہی مسجد کو مسمار ہونے سے بچانے کے لیے مسجد کے اندر بیٹھ گئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق 2028 میں ہونے والے ہندو مذہبی میلے سمہاستھا کمبھ سے قبل سڑک کو چوڑا کرنے کے منصوبے کے تحت تاریخی مسجد کے کچھ حصے کو مسمار کرنے کے لیے نشان زد کیا گیا ہے۔ انتظامیہ نے بھاری پولیس نفری کی موجودگی میں رات گئے مسجد کے کچھ حصے کو مسمار کرنے کے لیے بلڈوزر پہنچائے، تاہم مقامی افراد کی شدید مزاحمت اور مسجد کے اندر و باہر بڑی تعداد میں لوگوں کے جمع ہونے کے باعث کارروائی روک دی گئی۔ احتجاج میں شریک مسلمانوں نے صحافیوں کو بتایا کہ وہ گزشتہ دو ہفتوں سے مسلسل احتجاج کر رہے ہیں اور انہوں نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا ہے کہ مسجد کو مسمار ہونے سے بچانے کے لیے بڑی تعداد میں لوگ شفٹوں کی صورت میں مسجد کے اندر موجود رہیں گے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ رات مسجد کے اطراف پولیس کی اضافی نفری اور ریپڈ ایکشن فورس تعینات کی گئی جبکہ بلڈوزر بھی موقع پر پہنچائے گئے، تاہم لوگوں کی بڑی تعداد جمع ہونے کے بعد انتظامیہ کو کارروائی معطل کرنا پڑی۔