Sunday, August 9

ایم کیو ایم پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا تاریخی مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کا خیرمقدم

اسلام آباد، 8 اگست 2026 (نوشین):متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم پاکستان) کے چیئرمین اور وفاقی وزیر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے تاریخی مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کا بھرپور خیرمقدم کرتے ہوئے اسے مسلم امہ کے تحفظ اور سلامتی کی جانب ایک اہم سنگ میل قرار دیا ہے۔ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ مکہ دفاعی معاہدہ اور اسلامی ممالک کی جانب سے اس کی توثیق مسلم ممالک کی اجتماعی سلامتی اور دفاع کو مضبوط بنانے کی سمت ایک اہم پیش رفت ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان تزویراتی اتحاد سے عالم اسلام کی دفاعی صلاحیت، خود انحصاری اور تزویراتی قوت مزید مضبوط ہوگی۔ایم کیو ایم پاکستان کے چیئرمین نے کہا کہ یہ معاہدہ ارضِ مقدس کی سیکیورٹی، خطے میں پائیدار امن کے قیام اور مسلم ریاستوں کے درمیان اتحاد و یکجہتی کے فروغ کے لیے ایک تاریخی پیش رفت ہے۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے امید ظاہر کی کہ یہ معاہدہ اسلامی ممالک کے درمیان باہمی تعاون کو مزید فروغ دے گا اور خطے میں زیادہ مضبوط، محفوظ اور پُرامن ماحول کے قیام میں معاون ثابت ہوگا۔