
تہران، 28 اگست 2026 (نوشین): ایران نے امریکا کی جانب سے عائد اقتصادی پابندیوں کو ’’ریاستی دہشت گردی‘‘ قرار دیتے ہوئے شدید مذمت کی ہے اور امریکی اقدامات کو غیر قانونی اور قابلِ مذمت قرار دیا ہے۔ ایران نے واشنگٹن پر الزام عائد کیا کہ وہ اقتصادی پابندیوں کو ایرانی عوام کے خلاف ایک ظالمانہ ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔ایرانی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی پابندیوں کے باعث لاکھوں ایرانی شہریوں کی صحت اور روزگار کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔ وزارت نے خبردار کیا کہ جو ممالک امریکی پابندیوں میں شامل ہوں گے یا ان پر عمل درآمد کریں گے، وہ بھی ایک ملک کی مرضی دوسروں پر مسلط کرنے کی مبینہ غیر قانونی کوشش میں شریک تصور ہوں گے۔ ایرانی وزارت خارجہ نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بین الاقوامی قوانین کی بالادستی یقینی بنانے اور واشنگٹن کی مبینہ غیر قانونی پالیسیوں کے خلاف اقدامات کریں۔ بیان میں الزام عائد کیا گیا کہ امریکی اقتصادی اقدامات بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی اور انسانیت کے خلاف جرائم کے زمرے میں آتے ہیں۔ وزارت خارجہ نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ امریکا اور اسرائیل کی جانب سے کیے جانے والے مبینہ فوجی اور اقتصادی حملوں کے خلاف ایران اپنے دفاع کے لیے تمام دستیاب صلاحیتیں استعمال کرے گا۔ ایران نے دنیا کے تمام ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ امریکی پابندیوں پر عمل درآمد سے گریز کریں اور ان اقدامات کی عالمی سطح پر مخالفت کی جائے۔