
اسلام آباد, 3 اپریل 2026 (کامران راجہ):اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بنوں کے علاقے ڈومیل میں ہونے والے خودکش دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا، خصوصاً معصوم بچوں اور خواتین کی شہادت پر رنج و غم کا اظہار کیا۔ انہوں نے سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس دکھ کی گھڑی میں ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
سردار ایاز صادق نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو فوری اور بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے نہتے شہریوں، خواتین اور بچوں کو نشانہ بنانے کو بزدلانہ اور انسانیت سوز فعل قرار دیا۔
انہوں نے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے واقعے کی مکمل تحقیقات اور ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچانے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم دہشتگردی کے خلاف متحد ہے اور سیکیورٹی اداروں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے شہداء کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔