Sunday, August 30

اسرائیل کی ایران پر ایک بار پھر حملے کی دھمکی

Israel Again Threatens to Attack Iran

تل ابیب، 30 اگست 2026 (نوشین): اسرائیل نے ایک بار پھر ایران پر حملے کی دھمکی دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر تہران نے جوہری ہتھیار یا بیلسٹک میزائل تیار کیے تو اسے دوبارہ نشانہ بنایا جائے گا۔ عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی وزیر توانائی ایلی کوہن نے اسرائیلی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ اگر ایران نے جوہری ہتھیار یا بیلسٹک میزائل بنانے کی کوشش کی تو اسرائیل اس پر دوبارہ حملہ کرے گا۔ ایلی کوہن نے کہا کہ اگر ایران امریکا کے ساتھ کوئی معاہدہ بھی کر لیتا ہے، تب بھی جوہری ہتھیار بنانے کی صورت میں اسرائیل ایران پر حملہ کرے گا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ایران نے اپنا جوہری پروگرام دوبارہ شروع کرنے کی کوشش کی تو اسے نشانہ بنایا جائے گا۔ اسرائیلی وزیر نے مزید دعویٰ کیا کہ اگر اسرائیل نے پہلے حملہ نہ کیا ہوتا تو ایران اب تک جوہری ہتھیار حاصل کر چکا ہوتا۔ ان کے مطابق امریکا اور اسرائیل کے حملوں نے ایران کے جوہری پروگرام کو دو سے چار سال پیچھے دھکیل دیا ہے۔ یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران کے جوہری پروگرام پر کشیدگی برقرار ہے اور خطے میں سیکیورٹی صورتحال بدستور تشویش کا باعث بنی ہوئی ہے۔ واضح رہے کہ امریکا اور اسرائیل نے 28 فروری 2026 کو ایران پر حملہ کیا تھا۔ ایرانی رپورٹس کے مطابق ان حملوں میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای سمیت متعدد اعلیٰ ایرانی جنرلز بھی شہید ہوئے تھے۔