Friday, September 11

اسحاق ڈار کا ناروے کے بادشاہ ہیرالڈ پنجم کے انتقال پر اظہارِ تعزیت

Ishaq Dar Conveys Pakistan’s Condolences Over Death of Norway’s King Harald V

اسلام آباد، 6 ستمبر 2026 (غفران): نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارتھ ایدے سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور ناروے کے بادشاہ ہیرالڈ پنجم کے انتقال پر پاکستان کی جانب سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے صدرِ مملکت، وزیراعظم، فیلڈ مارشل، اپنی اور پاکستانی عوام کی جانب سے ناروے کے شاہی خاندان اور عوام سے تعزیت کی۔ نائب وزیراعظم نے ناروے کے وزیر خارجہ کو آگاہ کیا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی وزیر برائے مواصلات عبدالعلیم خان کو 9 ستمبر کو اوسلو میں ہونے والی بادشاہ ہیرالڈ پنجم کی آخری رسومات میں پاکستان کی نمائندگی کے لیے نامزد کیا ہے۔ بادشاہ ہیرالڈ پنجم 89 برس کی عمر میں انتقال کر گئے، جبکہ ان کی آخری رسومات 9 ستمبر کو اوسلو میں ادا کی جائیں گی۔ ٹیلیفونک گفتگو کے دوران اسحاق ڈار اور ایسپن بارتھ ایدے نے پاکستان اور ناروے کے درمیان قریبی رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔ دونوں رہنماؤں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے آئندہ اجلاس کے موقع پر ملاقات کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔