یوم آزادی کے موقع پر امریکہ میں پاکستانی سفیر مسعود خان کا پیغام
آج سے 77 برس پہلے پاکستان دنیا کے نقشے پر نمودار ہوا۔ برصغیر میں مسلمانوں نے اپنی علیحدہ ریاست قائم کی۔ پاکستان کا وجود میں آنا ایک معجزہ تھا۔ جو پاکستان بنتا نہیں دیکھنا چاہتے تھے انہوں نے شرطیں لگائی تھیں کہ اولاً یہ ملک بنے گا نہیں اور اگر بن بھی گیا تو قائم نہیں رہ سکے گا۔
الحمدللہ آج پاکستان قائم و دائم ہے اور ہم نے اپنے سفر کے چھہتر ( 76 ) سال مکمل کر لئے ہیں۔
میں اس موقع پر پاکستان میں اہلِ وطن اور امریکہ میں بسنے والے پاکستانیوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
قائدِاعظم کی ولولہ انگیز قیادت ، میں ہمارے آباءو اجداد نے پاکستان قائم کیا اور نسلوں نے اس ملک کو مضبوط بنانے کے لئے قربانیاں دیں۔
آئیے آج ہم سب مل کر عہد کریں کہ ہم اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں گے اور پاکستان کو اعلیٰ ترین منزلوں پر لے جائیں گے۔
اقوامِ عالم میں پاکستان کا اہم مقام ہے اور ہم سب کی مشترکہ کوششوں سے ایک دن پاکستان دنیا کی بڑی معیشت بنے گا۔ آئیے ہم سب ملکر اس منزل کی جانب گامزن ہوں ۔ اس سلسلے میں پاکستانی امریکیوں کا ایک اہم کردار ہے۔ ہم ان کو مادرِ وطن کو مضبوط بنانے کی کوششوں پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
پاکستان کے چوبیس (24) کروڑ عوام کا مستقبل روشن ہے۔ ہمارے حوصلے بلند ہیں۔ ہم انشا ء اللہ کامیاب ہوں گے۔ خدا تعالیٰ ہمارا حامی و ناصر ہو۔
یومِ آزادی مبارک
پاکستان زندہ باد
سب ایڈیٹر: غفران