
اسلام آباد، 29 نومبر 2026 (غفران): ایران کے بحریہ کے کمانڈر ریئر ایڈمرل شہرام ایرانی نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز اس وقت تک بند رہے گی جب تک دشمن ایرانی قوم کی طاقت اور اتحاد کو تسلیم کرتے ہوئے اسے اس کا جائز احترام نہیں دیتا۔ پریس ٹی وی کے مطابق شہرام ایرانی نے کہا کہ ایرانی بحری افواج کسی بھی ممکنہ خطرے کا مقابلہ کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں اور ضرورت پڑنے پر دشمن کو سمندر میں دور تک جا کر بھی نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ خطے میں مخالف قوتوں کی موجودگی اور سرگرمیوں کا جواب دیا جائے گا، جبکہ ایرانی مسلح افواج ملک کے دفاع کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دشمن پر دباؤ بڑھ رہا ہے اور اسے سمجھ لینا چاہیے کہ دھمکیوں اور دباؤ کے ذریعے ایرانی عوام کے عزم کو کمزور نہیں کیا جا سکتا۔ دوسری جانب اسلامی انقلابی گارڈ کور (آئی آر جی سی) کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل حسین محبی نے دعویٰ کیا کہ دشمن کو فوجی شکست کا سامنا کرنا پڑا اور وہ اپنے مقاصد سے دستبردار ہونے پر مجبور ہوگیا۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ امریکا ایران کے خدشات کے باعث کینیا اور ہارن آف افریقہ میں نئے فوجی اڈے قائم کر رہا ہے۔ ادھر رپورٹس کے مطابق آبنائے ہرمز میں مبینہ طور پر پابندیوں کی خلاف ورزی کرنے والے دو تیل بردار جہاز سمندری بارودی سرنگوں سے ٹکرا کر آگ کی لپیٹ میں آگئے۔