Wednesday, November 25

پاکستان کا عالمی امن کے تحفظ کے لیے جدید ٹیکنالوجی کی منصفانہ اور جامع عالمی نگرانی پر زور

Pakistan Calls for Inclusive Global Rules to Govern Emerging Technologies and Protect World Peace

اسلام آباد، 25 نومبر 2026 (کامران راجہ): پاکستان نے جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر انتظام اور نگرانی کے لیے جامع، منصفانہ اور مساوی عالمی ضابطوں کی تشکیل پر زور دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ٹیکنالوجی کی تیز رفتار ترقی عالمی اسلحہ کی دوڑ میں اضافے اور بین الاقوامی امن و سلامتی کے لیے نئے خطرات کا باعث بن سکتی ہے۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں تنازعات کے حل اور تیزی سے بدلتی تکنیکی صورتحال کے موضوع پر اعلیٰ سطحی مباحثے سے خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر سید حیدر شاہ نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کی تیاری اور استعمال کے تمام مراحل میں انسانی فیصلہ سازی اور کنٹرول کو مرکزی حیثیت حاصل رہنی چاہیے۔ انہوں نے مصنوعی ذہانت اور دیگر جدید ٹیکنالوجیز کے ذریعے اسلحے کی عالمی دوڑ تیز کرنے کے خطرات سے خبردار کرتے ہوئے مؤثر ضابطوں، حفاظتی اقدامات اور اعتماد سازی کی ضرورت پر زور دیا۔ سفیر نے خصوصی طور پر کہا کہ جوہری ہتھیاروں کے استعمال سے متعلق فیصلے مکمل طور پر انسانی کنٹرول میں رہنے چاہئیں اور مصنوعی ذہانت کو جوہری کمانڈ، کنٹرول اور مواصلاتی نظام کو نشانہ بنانے کے لیے ہرگز استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے تکنیکی اجارہ داریوں اور امتیازی پابندیوں کی مخالفت کرتے ہوئے ترقی پذیر ممالک سمیت تمام ریاستوں کے لیے ٹیکنالوجی کے پُرامن استعمال اور یکساں مواقع تک رسائی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا۔ حیدر شاہ نے غلط معلومات، سائبر حملوں اور اہم تنصیبات پر حملوں سے بڑھتے ہوئے خطرات کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکنالوجی کی نوعیت سے قطع نظر اقوام متحدہ کے منشور اور بین الاقوامی قوانین کا اطلاق برقرار رہتا ہے۔ انہوں نے عالمی تعاون، جوابدہی، بحرانوں کے دوران رابطہ کاری اور اعتماد سازی کے اقدامات کو مضبوط بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کی ترقی انسانیت کے مشترکہ مفادات، عالمی امن اور استحکام کے فروغ کے لیے ہونی چاہیے۔