
اسلام آباد، 25 نومبر 2026 (غفران): پاکستان اور روس نے ماسکو میں دونوں ممالک کے درمیان بین الحکومتی کمیشن کے 11ویں اجلاس کے اختتام پر 2030 تک دوطرفہ تجارت کا حجم 5 ارب ڈالر تک بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ دونوں ممالک نے اجلاس کے پروٹوکول اور 2026 سے 2030 تک اقتصادی تعاون کے پروگرام پر دستخط کیے، جبکہ تجارت، معیشت، سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کے معاہدے بھی طے پائے۔ اجلاس کی مشترکہ صدارت وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری اور روسی وزیر توانائی سرگئی تسیویلیف نے کی۔ دونوں فریقوں نے اسلام آباد میں ہونے والے 10ویں اجلاس کے بعد تعاون میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا اور مستقبل میں شراکت داری کے لیے ترجیحی شعبوں کی نشاندہی کی۔ مذاکرات میں تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، صنعتی ترقی، زراعت، معدنیات، ادویہ سازی، ٹرانسپورٹ روابط، تعلیم، سائنس و ٹیکنالوجی اور ثقافت کے شعبے شامل تھے۔ دونوں ممالک نے ایک دوسرے کی منڈیوں تک رسائی بہتر بنانے، سرمایہ کاری میں سہولت فراہم کرنے اور کاروباری اداروں کے درمیان روابط مضبوط کرنے پر بھی اتفاق کیا۔ فریقین نے طے شدہ اقدامات پر عمل درآمد اور ادارہ جاتی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کو ٹھوس اقتصادی فوائد میں تبدیل کرنے پر زور دیا۔ بین الحکومتی کمیشن کا 12واں اجلاس 2027 میں پاکستان میں منعقد ہوگا۔