
لاہور، 24 نومبر 2026 (نوشین): پاکستانی اداکار طٰلحہ چوہدری نے کہا ہے کہ کسی بھی کردار کو حقیقت کے قریب پیش کرنے کے لیے جسمانی تبدیلی اور بھرپور تیاری انتہائی اہم ہوتی ہے۔ تھیٹر سے اپنے فنی سفر کا آغاز کرنے والے اداکار اب ٹیلی ویژن کی دنیا میں بھی اپنی پہچان بنا رہے ہیں۔ ڈرامہ سیریل رتبہ میں اپنے حالیہ کردار کے لیے انہوں نے آٹھ کلو وزن بڑھایا، مونچھیں رکھیں اور پولیس اہلکاروں کے انداز، چال ڈھال اور باڈی لینگویج کا بغور مشاہدہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر کردار کے لیے چلنے کا انداز، نشست و برخاست اور جسمانی حرکات مختلف ہونی چاہئیں کیونکہ یہی چھوٹی تفصیلات کردار کو حقیقت کا رنگ دیتی ہیں۔ طٰلحہ چوہدری کے مطابق اداکار کا چہرہ اور جسم اس کردار کی امانت ہوتے ہیں جسے وہ پردۂ اسکرین پر پیش کر رہا ہوتا ہے۔