
بیجنگ، 24 نومبر 2026 (غفران): پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی کو چین کے شین ژو 24 خلائی مشن کے عملے میں شامل کر لیا گیا ہے، جس کا آغاز 25 نومبر کو متوقع ہے۔ اس تاریخی پیش رفت کے نتیجے میں وہ مدار میں جانے والے پہلے پاکستانی خلا باز بن جائیں گے۔ چین کی انسانی خلائی پرواز ایجنسی (سی ایم ایس اے) کے مطابق ذیشان علی چین کے تیان گونگ خلائی اسٹیشن کا دورہ کرنے والے پہلے غیر ملکی اور چین کے انسانی خلائی پروگرام میں شامل ہونے والے پہلے بین الاقوامی عملے کے رکن بھی ہوں گے۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے انہیں پاکستان کا پہلا خلا باز قرار دیتے ہوئے اس کامیابی پر فخر کا اظہار کیا ہے۔ سی ایم ایس اے کے مطابق ذیشان علی مشن میں پے لوڈ اسپیشلسٹ کی ذمہ داریاں انجام دیں گے، جبکہ چینی خلا باز تانگ ہونگ بو مشن کے کمانڈر اور وو یی پائلٹ ہوں گے۔ خلائی جہاز کو شمال مغربی چین میں واقع جیوچوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے لانگ مارچ 2 ایف راکٹ کے ذریعے بیجنگ کے وقت کے مطابق صبح 8 بج کر 18 منٹ پر روانہ کیا جائے گا، جو پاکستانی وقت کے مطابق صبح 5 بج کر 18 منٹ بنتا ہے۔ ذیشان علی کی واپسی شین ژو 23 خلائی جہاز کے ذریعے متوقع ہے، جو مئی میں تیان گونگ اسٹیشن کے ساتھ منسلک ہوا تھا۔ پاکستان میں چینی سفارت خانے کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو پیغام میں ذیشان علی نے بتایا کہ تربیت کے دوران چینی زبان سیکھنا ان کے لیے سب سے بڑا چیلنج رہا، جو سینٹری فیوج مشقوں سے بھی زیادہ مشکل ثابت ہوا۔ اس مشن کو پاکستان اور چین کے درمیان خلائی تعاون میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔