
کوئٹہ، 24 نومبر 2026 (کامران راجہ): بلوچستان حکومت نے صوبے میں انتہائی مطلوب دہشت گردوں کے بارے میں مستند معلومات فراہم کرنے والوں کے لیے 5 لاکھ سے 25 کروڑ روپے تک نقد انعامات کا اعلان کیا ہے۔ صوبائی حکومت کی جانب سے جاری سرکاری اشتہار کے مطابق کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی کے بشیر زیب اور عبدالرحمان عرف رحمان گل کے بارے میں معلومات فراہم کرنے پر 25 کروڑ روپے انعام مقرر کیا گیا ہے، جبکہ دیگر مطلوب افراد کے لیے بھی ان کی حیثیت کے مطابق انعامات کا اعلان کیا گیا ہے۔ مشیر داخلہ بلوچستان بابر یوسفزئی نے کہا کہ صوبائی حکومت دہشت گردی کے خاتمے اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عوامی تعاون کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے شہریوں سے اپیل کی کہ مطلوب افراد کے بارے میں مستند معلومات متعلقہ سرکاری اداروں تک پہنچائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اطلاع دینے والوں کی شناخت خفیہ رکھی جائے گی اور دہشت گردوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے گی، جبکہ انعامات کی ادائیگی حکومتی قواعد و ضوابط کے مطابق ہوگی۔ یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب نومبر 2022 میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کی جانب سے حکومت کے ساتھ جنگ بندی ختم کرنے کے بعد ملک بالخصوص بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ پاکستان انسٹی ٹیوٹ فار کانفلکٹ اینڈ سیکیورٹی اسٹڈیز کے مطابق 6 سے 12 نومبر کے دوران بلوچستان میں دہشت گردی کے 13 واقعات پیش آئے جن میں 8 افراد جاں بحق اور 19 زخمی ہوئے، جبکہ خیبرپختونخوا میں 16 حملوں کے نتیجے میں 44 افراد جان سے گئے۔