Monday, November 23

سلطان اذلان شاہ ہاکی کپ، آسٹریلیا نے پاکستان کو 2-5 سے شکست دے دی

Australia Hand Pakistan First Defeat in Sultan Azlan Shah Cup with 5-2 Victory

ایپوہ، 23 نومبر 2026 (غفران): 32ویں سلطان اذلان شاہ ہاکی کپ 2026 میں پاکستان کو پہلی شکست کا سامنا کرنا پڑا، جہاں آسٹریلیا نے ٹورنامنٹ کے اپنے تیسرے میچ میں گرین شرٹس کو 2-5 سے ہرا دیا۔ ملائیشیا کے شہر ایپوہ میں کھیلے گئے چھ ملکی ایونٹ کے اس مقابلے سے قبل پاکستان نے کینیڈا اور امریکا کو یکساں طور پر 1-5 سے شکست دے کر مسلسل دو کامیابیاں حاصل کی تھیں، تاہم آسٹریلیا کے خلاف ٹیم اپنی فتوحات کا سلسلہ برقرار نہ رکھ سکی۔ میچ کا پہلا کوارٹر بغیر کسی گول کے ختم ہوا، تاہم 18ویں منٹ میں ایان گروبیلار نے پنالٹی کارنر پر گول کرکے آسٹریلیا کو برتری دلائی۔ پاکستان کے کپتان ابو محمود نے 22ویں منٹ میں پنالٹی کارنر پر گول کرکے مقابلہ 1-1 سے برابر کردیا، لیکن اگلے ہی منٹ نیتھن ایفرمز نے فیلڈ گول کے ذریعے آسٹریلیا کو دوبارہ برتری دلائی، جبکہ 24ویں منٹ میں ڈنکن جیکسن نے ایک اور پنالٹی کارنر پر گول کرکے اسکور 1-3 کردیا۔ دوسرے ہاف کے آغاز کے بعد 33ویں منٹ میں وحید اشرف رانا نے فیلڈ گول کرکے پاکستان کا خسارہ 2-3 کردیا۔ گرین شرٹس نے مقابلہ برابر کرنے کی کوششیں جاری رکھیں، تاہم آسٹریلوی دفاع کو توڑنے میں کامیاب نہ ہوسکے۔ آخری کوارٹر میں 49ویں منٹ پر جیک ویلش نے پنالٹی کارنر پر گول کرکے آسٹریلیا کی برتری 2-4 کردی، جبکہ کیمبل گیڈس نے 60ویں منٹ میں ایک اور پنالٹی کارنر پر گول کرکے اپنی ٹیم کی 2-5 سے کامیابی یقینی بنادی۔ آسٹریلیا کی کامیابی میں پنالٹی کارنرز پر مؤثر کارکردگی فیصلہ کن ثابت ہوئی، جہاں ٹیم کے پانچ میں سے چار گول پنالٹی کارنرز پر کیے گئے، جبکہ پاکستان نے ایک گول پنالٹی کارنر اور ایک فیلڈ گول کے ذریعے اسکور کیا۔