Monday, November 23

پاکستان اور پرتگال کا سفارتی پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے ویزا فری داخلے کا معاہدہ

Pakistan and Portugal Sign Visa-Free Entry Agreement for Diplomatic Passport Holders

اسلام آباد، 23 نومبر 2026 (نوشین): پاکستان اور پرتگال نے سفارتی پاسپورٹ رکھنے والے افراد کو ویزا کے بغیر دونوں ممالک میں داخلے کی سہولت فراہم کرنے کے معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں، جس کا مقصد دوطرفہ تعلقات اور اعلیٰ سطح کے سرکاری وفود کے تبادلوں کو فروغ دینا ہے۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور پرتگال کے وزیر خارجہ پاؤلو رانجل نے مشترکہ پریس کانفرنس میں معاہدے کا اعلان کیا۔ دونوں رہنماؤں نے علاقائی و عالمی صورتحال، قابل تجدید توانائی اور باہمی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت استعداد سے کم ہے، پرتگالی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی اور مشترکہ بزنس فورم کے قیام پر کام کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے فلسطین، جموں و کشمیر اور افغانستان سے متعلق پاکستان کا مؤقف بھی بیان کرتے ہوئے کہا کہ افغان سرزمین کسی بھی ملک کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہیں ہونی چاہیے۔ پرتگالی وزیر خارجہ نے 19 سال بعد پاکستان کے وزارتی سطح کے دورے کو اہم قرار دیتے ہوئے دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے غزہ کے معاملے پر پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے عالمی امن، سفارت کاری اور تنازعات کے حل کے لیے پاکستان کی کوششوں کی بھی تعریف کی۔