
لاہور، 23 نومبر 2026 (غفران): لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں شدید اسموگ کا سلسلہ جاری ہے، جہاں صوبائی دارالحکومت کا ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) 318 ریکارڈ کیا گیا، جو فضائی آلودگی کی خطرناک سطح کو ظاہر کرتا ہے۔ فضائی معیار سے متعلق اعداد و شمار کے مطابق لاہور کے بعض علاقوں میں آلودگی کی صورتحال مزید تشویشناک رہی، جہاں علامہ اقبال ٹاؤن میں اے کیو آئی 600 سے تجاوز کرگیا جبکہ کاہنہ میں ذرات کی سطح 261 ریکارڈ کی گئی۔ پنجاب کے دیگر بڑے شہروں میں بھی فضائی آلودگی کی سطح بلند رہی، جہاں گوجرانوالہ کا اے کیو آئی 389 اور ملتان کا 378 ریکارڈ کیا گیا، جس سے شہریوں کی صحت کو لاحق خطرات میں اضافے پر تشویش پیدا ہوگئی ہے۔ طبی ماہرین نے شہریوں کو غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کرنے اور باہر جاتے وقت حفاظتی ماسک پہننے کی ہدایت کی ہے تاکہ مضر آلودہ ذرات سے بچا جاسکے۔ دوسری جانب حدِ نگاہ میں بہتری آنے کے بعد موٹروے ایم تھری اور ایم فور کو ٹریفک کے لیے دوبارہ کھول دیا گیا، جس سے مسافروں کو ریلیف ملا ہے۔