Sunday, November 22

فوسل فیول کے تنازع پر کوپ 31 موسمیاتی معاہدے کے بغیر اختتام پذیر

COP31 Ends Without Climate Deal Amid Fossil Fuel Disputes

اقوام متحدہ، 22 نومبر 2026 (کامران راجہ): اقوام متحدہ کی 31ویں موسمیاتی کانفرنس (کوپ 31) ترکیہ کے شہر انطالیہ میں فوسل فیول سے متعلق اختلافات کے باعث کسی حتمی معاہدے کے بغیر ختم ہوگئی۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اتفاق رائے نہ ہونے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا کہ عالمی درجہ حرارت میں اضافے اور گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج کے پیش نظر فوری اقدامات ضروری ہیں۔ انہوں نے صاف توانائی کی جانب منتقلی، کاربن اخراج میں کمی اور موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثرہ ممالک کے لیے مالی معاونت بڑھانے پر زور دیا۔ کوپ 31 کے صدر اور ترک وزیر ماحولیات مراد کورم نے تصدیق کی کہ مجوزہ اعلامیے پر اتفاق رائے نہیں ہوسکا، جبکہ متعدد ممالک نے اسے سابقہ موسمیاتی وعدوں کو کمزور کرنے کی کوشش قرار دیا۔ مذاکرات میں کوئلے، تیل اور گیس پر انحصار کم کرنے کے معاملے پر اختلافات برقرار رہے۔ اب توجہ ایتھوپیا کے دارالحکومت ادیس ابابا میں ہونے والی کوپ 32 پر مرکوز ہوگی، جہاں ان حل طلب موسمیاتی مسائل پر دوبارہ غور کیا جائے گا۔