Sunday, November 22

ایران کے خلاف ممکنہ کشیدگی کے پیش نظر اسرائیل اور امریکا کے مشترکہ فوجی منصوبے تیار کرنے پر اتفاق

Israel, US Develop Joint Military Plans for Possible Escalation Against Iran

نومبر 22, 2026 (کامران راجہ): اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیل اور امریکا نے ایران کے خلاف ممکنہ فوجی کشیدگی کی صورت میں مشترکہ منصوبے تیار کرنے پر اتفاق کیا ہے، جس کے بعد خطے میں دوبارہ جنگ کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔ اسرائیلی چینل 13 کے مطابق اسرائیلی فوج نے امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) کے ساتھ ہنگامی منصوبہ بندی کی تصدیق کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ممکنہ جنگ کا وقت قریب آرہا ہے۔ تاہم ایک سینئر اسرائیلی فوجی عہدیدار نے کہا کہ سینٹ کام کے سربراہ ایڈمرل بریڈ کوپر کے دورہ تل ابیب کے دوران ایران پر حملے کا کوئی فیصلہ زیر بحث نہیں آیا۔ اسرائیلی سکیورٹی جائزوں کے مطابق ایران کے ساتھ نئی جنگ کا خطرہ گزشتہ چند روز کے مقابلے میں زیادہ قریب نہیں، جبکہ اسرائیلی فوج کا الرٹ لیول بلند ہے لیکن اسے زیادہ سے زیادہ سطح تک نہیں بڑھایا گیا۔ یہ پیش رفت 28 فروری کو امریکا اور اسرائیل کے ایران پر حملوں کے بعد سامنے آئی ہے، جن کے جواب میں تہران نے اسرائیل اور عرب ممالک میں امریکی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا تھا۔ بعد ازاں واشنگٹن اور تہران کے درمیان 18 جون کو مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے اور مذاکرات شروع ہوئے، تاہم آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت اور سکیورٹی سے متعلق اختلافات کے باعث بات چیت میں خاطر خواہ پیش رفت نہ ہوسکی اور جولائی میں دوبارہ فوجی جھڑپیں شروع ہوگئیں۔ بدھ کے روز ایڈمرل بریڈ کوپر نے تل ابیب میں اسرائیلی فوج کے سربراہ ایال ضمیر اور موساد کے سربراہ رومن گوفمین سے ملاقات کی، جس میں علاقائی صورتحال، سکیورٹی چیلنجز اور ممکنہ فوجی کارروائیوں کے لیے تیاریوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اسرائیلی اخبار یدیعوت احرونوت کے مطابق ملاقات میں ایران کے خلاف ممکنہ جنگ دوبارہ شروع ہونے کی صورت میں فوجی تیاریوں پر توجہ مرکوز کی گئی۔ دوسری جانب اسرائیلی میڈیا کے مطابق موساد سربراہ رومن گوفمین نے واشنگٹن میں سی آئی اے کے ڈائریکٹر جان ریٹکلف سے بھی ملاقات کی، جس میں ایران سے متعلق انٹیلی جنس معلومات اور ممکنہ فوجی کارروائیوں پر بات چیت ہوئی۔ ادھر اسرائیلی اپوزیشن رہنما گادی آئزن کوٹ اور ان کے اتحادیوں نے نگراں وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ ایران کے ساتھ ایک اور جنگ کی راہ ہموار کرنے اور ہنگامی حالت نافذ کرکے قومی اتحاد کی حکومت تشکیل دینے کی کوشش کررہے ہیں تاکہ اقتدار میں برقرار رہ سکیں۔ نیتن یاہو کو بدعنوانی کے مقدمات کا بھی سامنا ہے، جبکہ بین الاقوامی فوجداری عدالت غزہ میں مبینہ جنگی جرائم کے الزامات پر 2024 سے ان کی گرفتاری کی خواہاں ہے۔