
تہران، 21 نومبر 2026 (غفران): ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران کو اس وقت ایک خاموش اقتصادی جنگ کا سامنا ہے جو میزائل حملوں اور تباہی پر مشتمل روایتی جنگ سے بھی زیادہ مشکل ہے۔ سرمایہ کاروں اور صنعت کاروں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایران ایک پیچیدہ اقتصادی جنگ سے گزر رہا ہے جس میں کاروباری شخصیات اور معاشی شعبے سے وابستہ افراد اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا کے مطابق صدر پزشکیان نے کہا کہ موجودہ معاشی چیلنجز معمولی نوعیت کے نہیں ہیں اور ان سے نمٹنے کے لیے معاشی شعبے میں استقامت اور حوصلے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ طاقتور ممالک اور جابرانہ قوتوں کا مقصد ایران کو کمزور کرکے اس کا وجود ختم کرنا تھا، تاہم انہوں نے مشکل معاشی حالات کے باوجود کاروباری سرگرمیاں جاری رکھنے پر ملکی کاروباری اداروں کو سراہا۔ ایرانی صدر نے مزید کہا کہ حکومت موسم سرما کے دوران بجلی کی بندش سے بچنے اور توانائی کی فراہمی برقرار رکھنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔