Friday, November 20

ماہرہ حیات نے فلم ’تیری میری کہانیاں‘ میں اپنے پسندیدہ کردار کو یاد کرلیا

Mehwish Hayat Looks Back on Favourite Role in 'Teri Meri Kahaniyaan'

اسلام آباد، 20 نومبر 2026 (غفران): پاکستانی اداکارہ مہوش حیات نے 2023 کی انتھالوجی فلم ’تیری میری کہانیاں‘ میں اپنے پسندیدہ کردار کو یاد کرتے ہوئے اداکار وہاج علی کے ساتھ فلمائے گئے ایک یادگار منظر کو دوبارہ شیئر کیا ہے۔ مہوش حیات نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر مداحوں کی جانب سے تیار کردہ ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں فلم کے حصے ’ایک سو تیئسواں‘ کا منظر شامل تھا، اس کہانی میں انہوں نے وہاج علی کے مدمقابل صدف کا کردار ادا کیا تھا، جبکہ وہاج علی نے اسد کا کردار نبھایا تھا۔ اداکارہ نے اس منظر کو دوبارہ دیکھنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صدف کا کردار ان کے لیے اداکاری کے پسندیدہ تجربات میں سے ایک تھا۔ شیئر کی گئی ویڈیو میں ٹرین کے سفر کے دوران صدف اور اسد کے درمیان ہونے والی دلچسپ گفتگو دکھائی گئی ہے، جس میں دونوں کرداروں کے درمیان خوشگوار ہم آہنگی نمایاں ہے۔ 2023 میں ریلیز ہونے والی فلم ’تیری میری کہانیاں‘ تین الگ الگ کہانیوں پر مشتمل ہے۔ مہوش حیات نے فلم کے حصے ’ایک سو تیئسواں‘ میں کام کیا تھا، جس کی ہدایت کاری ندیم بیگ نے کی جبکہ کہانی خلیل الرحمٰن قمر نے لکھی تھی۔ اس کہانی میں صدف نامی ایک شادی شدہ خاتون نواب شاہ سے کراچی کے لیے رات کے وقت ٹرین میں سفر کرتی ہے، جہاں اس کی ملاقات اسد نامی اجنبی سے ہوتی ہے۔ سفر کے دوران دونوں زندگی، تعلقات اور ذاتی مسائل پر گفتگو کرتے ہیں۔ صدف اپنی ازدواجی زندگی کی مشکلات، خصوصاً شوہر کی بے وفائی کے بارے میں بھی بات کرتی ہے، تاہم وہ انتقام لینے کے بجائے اپنی ذاتی اقدار پر قائم رہنے کا فیصلہ کرتی ہے۔ دوسری جانب مہوش حیات حال ہی میں ہارر کامیڈی فلم ’زومبیڈ‘ میں نظر آئی تھیں، جس میں کئی سال بعد ان کی اداکار فہد مصطفیٰ کے ساتھ دوبارہ جوڑی بنی۔ یہ فلم عیدالاضحیٰ 2026 کے موقع پر ریلیز ہوئی تھی۔ اداکارہ ان دنوں ٹی وی ڈرامے ’رتبہ‘ میں شیلی کا کردار ادا کر رہی ہیں، جس میں ان کے ساتھ طلحہ چہور، زاہد احمد اور ہبا بخاری بھی شامل ہیں۔