اسلام آباد، 20 نومبر 2026 (کامران راجہ): چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور خیبرپختونخوا میں پائیدار امن و استحکام برقرار رکھنے کے پاکستان کے غیرمتزلزل عزم کا اعادہ کیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ کا دورہ کیا، جہاں انہیں سکیورٹی کی موجودہ صورتحال، جاری انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز اور دہشت گردی کے خلاف مسلسل کارروائیوں کے نتیجے میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کو مستحکم کرنے کے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر فیلڈ مارشل نے یادگارِ شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور ملک کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پاک فوج کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہیں علاقے میں دیرپا امن اور استحکام یقینی بنانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔ افسران اور جوانوں سے ملاقات کے دوران آرمی چیف نے ان کی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں، آپریشنل تیاری اور ملک کے دفاع کے لیے غیرمتزلزل عزم کو سراہا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے خیبرپختونخوا پولیس کی بھی تعریف کرتے ہوئے اسے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں صفِ اول کا بہادر ادارہ قرار دیا اور فتنہ الخوارج کے خلاف اس کی قربانیوں، استقامت اور پیشہ ورانہ خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سکیورٹی فورسز قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ قریبی تعاون کے ذریعے دہشت گردی کے ناسور کا فیصلہ کن خاتمہ کریں گی اور خیبرپختونخوا میں بڑی قربانیوں کے بعد حاصل ہونے والے امن و استحکام کا تحفظ یقینی بنائیں گی۔ کور کمانڈر پشاور نے میران شاہ آمد پر فیلڈ مارشل کا استقبال کیا۔ پاکستان میں 2021 سے دہشت گردی کی کارروائیوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے، خصوصاً خیبرپختونخوا اور بلوچستان اس سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ سینٹر فار ریسرچ اینڈ سکیورٹی اسٹڈیز (سی آر ایس ایس) کی رپورٹ کے مطابق 2026 کی دوسری سہ ماہی کے دوران دونوں صوبے ملک میں تشدد کے واقعات اور ہلاکتوں کے حوالے سے سب سے زیادہ متاثرہ علاقے رہے اور مجموعی طور پر ملک بھر میں تشدد سے ہونے والی تقریباً 96 فیصد ہلاکتیں انہی دو صوبوں میں رپورٹ ہوئیں۔ رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا میں 475 افراد ہلاک ہوئے، جو مجموعی ہلاکتوں کا 61 فیصد سے زائد بنتے ہیں، جبکہ بلوچستان میں 265 اموات ریکارڈ کی گئیں، جو 34 فیصد ہیں۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ خیبرپختونخوا میں تشدد کے 151 واقعات پیش آئے، جو ملک بھر کے مجموعی واقعات کا 57 فیصد ہیں، جبکہ بلوچستان میں 94 واقعات رپورٹ ہوئے، جو 35 فیصد بنتے ہیں۔ یہ اعداد و شمار دونوں صوبوں کو درپیش مسلسل سکیورٹی چیلنجز کی نشاندہی کرتے ہیں۔
