Thursday, November 19

پاکستان اور آسیان کے درمیان تجارت و اقتصادی تعاون بڑھانے کے خواہاں ہیں، اسحاق ڈار

Pakistan Seeks to Expand Trade and Economic Cooperation with ASEAN: Ishaq Dar

اسلام آباد، 19 نومبر 2026 (نوشین): نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی تنظیم (آسیان) کے ساتھ شراکت داری مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کے فروغ پر زور دیا ہے۔ آسیان کے سیکریٹری جنرل کاؤ کم ہورن سے ملاقات کے دوران اسحاق ڈار نے عالمی مکالمے کے فروغ میں آسیان کے کردار کو اہم قرار دیا اور کہا کہ امن، استحکام اور مشترکہ خوشحالی کے لیے اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں۔ انہوں نے عوامی روابط بڑھانے اور تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیکریٹری جنرل کا دورہ پاکستان اور آسیان کے تعلقات کو مزید تقویت دے گا۔ اسحاق ڈار نے دونوں فریقوں کے درمیان روابط مستحکم بنانے کے لیے مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ اس موقع پر کاؤ کم ہورن نے یاد دلایا کہ آسیان اور پاکستان کے درمیان شعبہ جاتی مکالمے کی شراکت داری 1993 میں قائم ہوئی تھی اور تنظیم پاکستان کے ساتھ دیرینہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی ترقی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ آسیان کے سیکریٹری جنرل نے پاکستان اور آسیان کے درمیان شراکت داری مزید مضبوط بنانے کے لیے ثقافتی تبادلوں، عوامی روابط کے فروغ اور نجی شعبے کی ترقی کی اہمیت پر بھی زور دیا۔