
راولپنڈی، 19 نومبر 2026 (کامران راجہ): قطر کے وزیر داخلہ شیخ خلیفہ بن حمد بن خلیفہ آل ثانی نے راولپنڈی میں چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرأت سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، خطے اور عالمی سطح پر بدلتی ہوئی سکیورٹی صورتحال اور دوطرفہ سکیورٹی تعاون کو مزید وسعت دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں جانب سے پاکستان اور قطر کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا، بالخصوص سکیورٹی، انسدادِ دہشت گردی اور ادارہ جاتی تعاون کے شعبوں میں اشتراک بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ قطری وزیر داخلہ نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے دونوں ممالک کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو بھی قابلِ قدر قرار دیا۔ اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے قطر کے ساتھ دوطرفہ روابط مزید مستحکم کرنے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور مشترکہ سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے قریبی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔