Tuesday, November 17

احسن خان کے بعد دوبارہ کسی سے محبت نہیں ہوئی، اداکارہ لیلیٰ کا انکشاف

احسن خان کے بعد دوبارہ کسی سے محبت نہیں ہوئی، اداکارہ لیلیٰ کا انکشاف

اسلام آباد، 17 نومبر 2026 (نوشین): پاکستانی اداکارہ اور فلم اسٹار لیلیٰ نے اداکار احسن خان کے ساتھ ماضی کے تعلق اور شادی سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ انہیں احسن خان کے بعد دوبارہ کبھی کسی سے محبت نہیں ہوئی۔ اداکارہ حال ہی میں میزبان و اداکارہ متھیرا کے شو میں شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے اپنی نجی زندگی کے مختلف پہلوؤں پر گفتگو کی۔ اپنے ماضی کے تعلق کو یاد کرتے ہوئے لیلیٰ نے بتایا کہ انہیں احسن خان سے محبت تھی اور دونوں کے درمیان یہ رشتہ اس وقت ختم ہوگیا تھا جب ان کی عمریں محض 17 سال تھیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ آج بھی احسن خان کا ذکر اچھے الفاظ میں کرتی ہیں کیونکہ وہ مثبت سوچ رکھنے والے انسان ہیں۔ لیلیٰ کے مطابق جب وہ زندگی کے مشکل ترین دور سے گزر رہی تھیں اور تقریباً سب کچھ کھو چکی تھیں، حتیٰ کہ ان کے قریبی دوستوں نے بھی رابطہ ختم کردیا تھا، اس وقت احسن خان نے انہیں فون کرکے ان کی خیریت دریافت کی۔ شادی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ نے کہا کہ زندگی میں پیش آنے والے مختلف سانحات اور خاندانی ذمہ داریوں کے باعث انہیں شادی کے لیے وقت نہیں مل سکا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے اہلِ خانہ بھی ان پر انحصار کرتے ہیں، اس لیے وہ ایسا شریکِ حیات چاہتی ہیں جو ان کے حالات اور ذمہ داریوں کو سمجھ سکے۔ لیلیٰ نے مزید کہا کہ احسن خان کے بعد انہیں دوبارہ کبھی کسی سے ویسی محبت محسوس نہیں ہوئی اور انہیں لگتا ہے کہ اس نوعیت کے جذبات ان کی زندگی میں دوبارہ نہیں آئے، جس کے بعد اب انہیں دنیا کی بہت سی چیزیں مصنوعی محسوس ہوتی ہیں۔