
اسلام آباد، 17 نومبر 2026 (کامران راجہ): بلوچستان سے تعلق رکھنے والے نوجوان باکسر شیر باز مری نے محدود وسائل اور نامساعد حالات کے باوجود عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرتے ہوئے قازقستان میں منعقدہ نوماڈ ایم ایم اے ورلڈ چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل اپنے نام کرلیا۔ کوہلو سے تعلق رکھنے والے شیر باز مری نے ووشو سے اپنے کھیل کا آغاز کیا اور بعد ازاں باکسنگ اور کک باکسنگ کے میدان میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ انہوں نے بتایا کہ کھیل کے میدان میں 16 سالہ مسلسل جدوجہد نے انہیں عالمی سطح پر شناخت دلائی۔ شیر باز مری کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی مقابلے میں پاکستان کی نمائندگی کرنا اور قومی پرچم سربلند دیکھنا ان کے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عالمی کامیابی کے اعتراف میں حکومت بلوچستان کی جانب سے سرکاری ملازمت کی پیشکش ان کے لیے حوصلہ افزائی کا باعث بنی ہے۔ شیر باز مری کی کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو مناسب مواقع اور سرپرستی فراہم کی جائے تو وہ اپنی صلاحیتوں کے ذریعے عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرسکتے ہیں۔