
اسلام آباد، 15 نومبر 2026 (غفران): ایران کی مردوں اور خواتین کی ہاکی ٹیموں کا آئندہ چند ہفتوں میں پاکستان کا دورہ متوقع ہے، جس کے دوران دونوں ممالک کی ٹیمیں اسلام آباد میں مشترکہ تربیتی سیشنز اور پریکٹس میچز کھیلیں گی۔ ایرانی ہاکی فیڈریشن نے اس مجوزہ دورے میں گہری دلچسپی ظاہر کی ہے، جس کا مقصد کھلاڑیوں کو بین الاقوامی تجربہ فراہم کرنے، تکنیکی مہارتوں کے تبادلے اور کھیل کی تیاریوں کو بہتر بنانے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ اس دورے سے دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان کھیلوں کے شعبے میں تعاون اور عوامی روابط کو بھی فروغ ملنے کی توقع ہے۔ دوسری جانب پاکستان ہاکی فیڈریشن ملک میں قومی کھیل کی بحالی کے لیے مختلف اقدامات کر رہی ہے، جن میں پروفیشنل ہاکی لیگ کا آغاز، کھلاڑیوں کی قومی و بین الاقوامی سطح پر زیادہ شرکت، غیر ملکی کوچز کی خدمات کا حصول اور محکمانہ ٹیموں کی بحالی شامل ہیں۔ حالیہ مہینوں میں قومی ٹیم کی بہتر کارکردگی اور ناگویا ایشین گیمز میں کانسی کا تمغہ جیتنے سے پاکستان ہاکی کی بحالی کی امیدیں مزید روشن ہوئی ہیں، جبکہ اسکول ہاکی لیگ اور کھلاڑیوں کے مالی معاوضوں میں بہتری بھی اس کھیل کے فروغ کے لیے اہم اقدامات قرار دیے جا رہے ہیں۔