
اسلام آباد، 15 نومبر 2026 (نوشین): فلپائن اور آسٹریلیا نے دفاعی تعلقات مزید مضبوط بنانے اور مشترکہ فوجی سرگرمیوں میں سہولت فراہم کرنے کے لیے نئے دفاعی تعاون کے معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں، جسے بحیرہ جنوبی چین میں چین کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کے تناظر میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ فلپائن کے وزیر دفاع گلبرٹو تیودورو نے کہا کہ اس معاہدے کے تحت دونوں ممالک کے درمیان وزٹنگ فورسز معاہدے (سووفا) پر عمل درآمد کے طریقہ کار کو آسان بنایا جائے گا اور فوجی تعاون میں حائل انتظامی رکاوٹیں کم کی جائیں گی۔ انہوں نے معاہدے کو غیر ضروری سرخ فیتے کے خاتمے کی کوشش قرار دیتے ہوئے کہا کہ اب ایسے کاموں کے لیے درکار مراحل کی تعداد 100 سے کم ہو کر صرف 10 رہ جائے گی۔ ان کے مطابق معاہدے سے بحری، فضائی اور زمینی افواج کے درمیان تعاون کو فروغ ملے گا، جبکہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امدادی سرگرمیوں اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے شعبوں میں بھی مشترکہ اقدامات ممکن ہوں گے۔ اس معاہدے سے بحیرہ جنوبی چین میں فلپائن کی دفاعی اور روک تھام کی صلاحیت مزید مستحکم ہونے کی توقع ہے۔ فلپائن نے چین کے ساتھ سمندری حدود کے تنازعات کے باعث امریکہ کے ساتھ دیرینہ دفاعی اتحاد برقرار رکھتے ہوئے دیگر ممالک کے ساتھ بھی سیکیورٹی تعاون بڑھانے کی پالیسی اختیار کر رکھی ہے۔ آسٹریلیا اس تنازع میں فلپائن کے مؤقف کی مسلسل حمایت کرتا رہا ہے اور 2016 کے بین الاقوامی ثالثی ٹریبونل کے اس فیصلے کی بھی حمایت کر چکا ہے جس میں چین کے وسیع سمندری دعوؤں کو بین الاقوامی قانون کے تحت قانونی بنیاد سے محروم قرار دیا گیا تھا، تاہم بیجنگ اس فیصلے کو مسترد کرتا ہے۔ آسٹریلوی وزیر اعظم انتھونی البانیز نے منیلا میں آسیان سربراہی اجلاس میں شرکت کے دوران معاہدے پر دستخط کی تقریب میں بھی شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ بحری نگرانی، معلومات کے تبادلے، اسٹریٹجک مذاکرات، فوجی تربیت اور دفاعی بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں تعاون کو فروغ دے گا۔ البانیز نے بحری نگرانی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے آسٹریلیا کی جانب سے اضافی سرمایہ کاری کا بھی اعلان کیا، جس میں ڈرون ٹیکنالوجی، جدید آلات اور تربیت شامل ہیں تاکہ سمندری اور سائبر سیکیورٹی خطرات کی بروقت نشاندہی کی جا سکے۔