
نومبر 14, 2026 (نوشین): نیٹ فلکس نے اپنے مقبول رومانوی ڈرامے ’ورجن ریور‘ کے نویں سیزن کی منظوری دے دی ہے، جس کے بعد یہ اسٹریمنگ پلیٹ فارم کی تاریخ کا سب سے طویل عرصے تک چلنے والا اسکرپٹڈ اوریجنل ڈراما بن جائے گا۔ اس اعلان کے وقت ڈرامے کے آٹھویں سیزن کی ریلیز کی تیاریاں جاری ہیں، جس کی پروڈکشن موسم گرما میں مکمل ہو چکی ہے اور اسے 2027 میں نشر کیا جائے گا۔ نویں سیزن میں 10 اقساط شامل ہوں گی، جس کے بعد ڈرامے کی مجموعی اقساط کی تعداد 94 ہو جائے گی۔ ورائٹی کے مطابق نیٹ فلکس کے صرف دو دیگر اوریجنل شوز، اینیمیٹڈ کامیڈی ’بگ ماؤتھ‘ اور ہسپانوی ڈراما ’ایلیٹ‘ اب تک آٹھ سیزنز تک پہنچے ہیں، تاہم نئی منظوری کے بعد ’ورجن ریور‘ ان دونوں سے آگے نکل جائے گا۔ نیٹ فلکس نے یہ بھی انکشاف کیا ہے کہ ڈرامے کے پہلے سات سیزنز کو مجموعی طور پر 50 کروڑ سے زائد مرتبہ دیکھا جا چکا ہے۔ یہ تعداد ناظرین کے مجموعی دیکھنے کے وقت کو ڈرامے کے کل دورانیے پر تقسیم کرکے حاصل کی گئی ہے۔ شو رنر پیٹرک شان اسمتھ نے نویں سیزن کی منظوری پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے نیٹ فلکس، اداکاروں، پروڈکشن ٹیم، مصنفین اور ناظرین کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈرامے نے ایک ایسی دنیا تخلیق کی ہے جہاں ناظرین بار بار واپس آنا پسند کرتے ہیں۔ مرکزی اداکارہ الیگزینڈرا بریکنرج، جو میلنڈا منرو کا کردار ادا کر رہی ہیں، نے بھی اس اعلان پر خوشی کا اظہار کیا، جبکہ جیک شیریڈن کا کردار ادا کرنے والے مارٹن ہینڈرسن نے نئے سیزن میں واپسی کے لیے جوش و خروش ظاہر کیا۔ رابن کار کے مقبول ناولوں پر مبنی یہ ڈراما ایک نرس پریکٹیشنر میلنڈا منرو کی کہانی بیان کرتا ہے، جو نئی زندگی شروع کرنے کے لیے کیلیفورنیا کے ایک دور افتادہ قصبے منتقل ہو جاتی ہے۔ اس ناول سیریز کی اب تک ایک کروڑ 30 لاکھ سے زائد کاپیاں فروخت ہو چکی ہیں اور اس کے 20 سے زیادہ ناول شائع ہو چکے ہیں۔ پیٹرک شان اسمتھ نویں سیزن کے لیے بھی شو رنر اور ایگزیکٹو پروڈیوسر کی ذمہ داریاں انجام دیں گے، جبکہ نئی اقساط میں میلنڈا، جیک اور قصبے کے دیگر رہائشیوں کی کہانی آگے بڑھائی جائے گی۔