Sunday, November 15

اقوام متحدہ کا بحری جہازوں پر بڑھتے حملوں پر انتباہ، آبنائے ہرمز میں محفوظ آمدورفت بحال کرنے کا مطالبہ

UN Warns of Rising Attacks on Shipping, Calls for Safe Navigation in Strait of Hormuz

اسلام آباد، 14 نومبر 2026 (غفران): اقوام متحدہ نے آبنائے ہرمز اور بحیرہ احمر کے اطراف تجارتی جہازوں پر بڑھتے حملوں کو علاقائی استحکام، عالمی امن اور معیشت کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے محفوظ بحری آمدورفت کی بحالی پر زور دیا ہے۔ اقوام متحدہ کے اسسٹنٹ سیکریٹری جنرل خالد خیاری نے سلامتی کونسل سے آن لائن خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بحری واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے اور خلیج میں کئی جہاز اور ان کے عملے کئی ماہ سے پھنسے ہوئے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہری اور تجارتی جہازوں کو کسی صورت نشانہ نہیں بنایا جانا چاہیے۔ ان کے مطابق بین الاقوامی میری ٹائم آرگنائزیشن نے 11 نومبر تک آبنائے ہرمز اور مشرق وسطیٰ کے وسیع بحری علاقے میں 134 واقعات کی تصدیق کی، جن میں 25 بحری کارکن ہلاک جبکہ متعدد زخمی یا لاپتا ہوئے۔ خالد خیاری نے خبردار کیا کہ بحری آمدورفت میں رکاوٹوں سے توانائی، نقل و حمل اور بیمہ کے اخراجات بڑھ رہے ہیں، مہنگائی میں اضافہ ہو رہا ہے اور کھاد کی ترسیل متاثر ہونے سے غذائی تحفظ کو خطرات لاحق ہیں۔ انہوں نے عالمی قوانین کے مطابق بحری راستوں پر محفوظ اور بلا رکاوٹ آمدورفت بحال کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ امریکا اور ایران کو کشیدگی کم کرنے اور پائیدار امن کے لیے سنجیدہ مذاکرات کرنے چاہئیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ نئی فوجی کشیدگی کے پورے خطے پر تباہ کن اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ دوسری جانب خلیج تعاون کونسل کے سیکریٹری جنرل جاسم محمد البدیوی نے کہا کہ رکن ممالک اپنی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر کسی قسم کی مداخلت قبول نہیں کریں گے۔ انہوں نے سلامتی کونسل پر زور دیا کہ خلیجی ممالک پر حملوں کی روک تھام اور تجارتی جہازوں، ان کے عملے اور توانائی تنصیبات کے تحفظ کے لیے اقدامات کیے جائیں۔