
کوئٹہ، 14 نومبر 2026 (کامران راجہ): بلوچستان میں جاری انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران سیکیورٹی فورسز نے 8 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، تاہم دہشت گردوں کے مسلح کواڈ کاپٹر حملے میں پاک فوج کے ایک افسر اور ایک جوان نے جام شہادت نوش کیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز جمعے سے کولپور، کاردگاپ اور نوشکی کے گردونواح میں متعدد انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کر رہی ہیں، جبکہ مقامی ٹریفک کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے کوئٹہ۔تفتان قومی شاہراہ (این۔40) پر گشت اور علاقے کی نگرانی بھی جاری ہے۔ بیان کے مطابق جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب کولپور میں کارروائی کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الہندوستان کے 8 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا، جن میں ایک خودکش بمبار بھی شامل تھا، جبکہ بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ہفتے کے روز دہشت گردوں نے مسلح کواڈ کاپٹرز کے ذریعے گشت پر مامور فوجی گاڑیوں کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں میجر عمر منہاس ناصر، ساکن ضلع چکوال، اور حوالدار محمد عدنان خان، ساکن کوٹلی ستیاں، شہید ہوگئے۔ ترجمان نے کہا کہ بزدلانہ حملہ سیکیورٹی فورسز کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتا اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز بھرپور انداز میں جاری رہیں گے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ فتنہ الہندوستان ڈرونز، دیسی ساختہ دھماکا خیز آلات (آئی ای ڈیز) اور دیگر جدید ذرائع استعمال کرتے ہوئے شہریوں اور سیکیورٹی اہلکاروں کو نشانہ بنانے کی کوشش کر رہا ہے، جسے بھارت اور دیگر مخالف انٹیلی جنس ایجنسیوں کی حمایت حاصل ہے۔ آئی ایس پی آر نے عزمِ استحکام کے تحت جاری انسداد دہشت گردی مہم جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھی شہید اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں افسران اور جوانوں کی قربانیاں پوری قوم کے لیے باعث فخر ہیں اور ان کی شہادتیں دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے قومی عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔